جمعرات,  15 اکتوبر 2026ء
کینیڈا سے پاکستان منتقل ہونے والے میاں بیوی کی پُراسرار موت : پولیس کا اہم انکشاف

کراچی (روشن پاکستان نیوز) کینیڈا سے پاکستان منتقل ہونے والے میاں بیوی کی پر اسرار موت کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر دونوں کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل نہیں کیا گیا شاید کوئی زہریلی چیز کھلائی یا پلائی گئی ہو۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں گھر سے معمر میاں بیوی کی لاشیں ملنے کے واقعے پر پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔

دونوں کی شناخت 65 سے 70 سالہ محمد یامین اور نفیسہ کے نام سے ہوئی ہے، جو کچھ عرصہ قبل کینیڈا سے پاکستان منتقل ہوئے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی کی لاشیں تھانہ سرسید کی حدود میں بی اماں پارک کے قریب گھر سے ملیں، ابتدائی طور پر زیادہ خون بہنے کے باعث تیز دھار آلے سے قتل کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر دونوں کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل نہیں کیا گیا۔

اسلام آبادپولیس کی اہم کارروائی: نواب آف بہاولپور فیملی کے گھر چوری میں ملوث 6 ملزمان گرفتار، کیا کچھ برآمد کرلیا گیا؟

حکام کا کہنا تھا کہ شبہ ہے کہ میاں بیوی کو کوئی زہریلی چیز کھلائی یا پلائی گئی ہو، تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔

گھر میں مرمت اور تزئین و آرائش کا کام جاری تھا، جس کے باعث متعدد مزدوروں کی آمدورفت بھی تھی۔ پولیس مزدوروں سمیت مختلف پہلوؤں سے معلومات حاصل کررہی ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ گھر میں ایک دکان اور ایک پورشن کرائے پر دیا گیا تھا، جبکہ میاں بیوی خود گراؤنڈ فلور پر رہائش پذیر تھے۔

پولیس جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی وسطی سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تحقیقات مؤثر بنائی جائیں اور ابتدائی تحقیقات سمیت مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کینیڈا سے پاکستان آنے والے عمر رسیدہ میاں بیوی کا قتل انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔

مراد علی شاہ نے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کے ذریعے واقعے کے محرکات معلوم کرنے کی ہدایت کی، شہر کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

مزید خبریں