اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایک جعلی وزیرِ اعظم بنا، وہ کیسے ملک کو مسائل سے نکالنے سکتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہماری خواتین کی سیٹیں چھینی گئیں، ہماری 180 سیٹیں بنتی ہیں وہ ہم سے چھینی ہیں، نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ تھا، کیا وہ یہ سب تھا۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ کس طرح یہ جعلی ووٹ سے آنے والے ملک کو مشکل سے نکال سکتے ہیں، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ایم این جانتے ہیں وہ جعلی مینڈیٹ لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ہو گا تو مجھے ڈر ہے ملک میں کہیں بغاوت نہ آجائے، ہماری تحریک جاری رہے گی اور سب سیاسی قوتوں کو اکٹھا کریں گے، ہم الائنس بنانے جا رہے ہیں اور سڑکوں پر نکلیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ تمام صوبوں سے سڑکوں پر نکلیں گے، اس حوالے سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، ہم پُرامن احتجاج کریں گے، اس جعلی حکومت کو نہیں مانتے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج جاری ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور رہنماؤں کی رہائی کی قرارداد جمع کرانے آئے ہیں، پی ٹی آئی کا نشان چھینا گیا پھر مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، فارم 45 الیکشن کمیشن کی دستاویزات ہیں، فارم 45 پر کوئی اور نتیجہ ہے جبکہ فارم 47 پر کوئی اور نتیجہ ہے۔











