پشاور(روشن پاکستان نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی پٹرولیم لیوی کیخلاف جدوجہد کو سب سراہ رہے ہیں۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی قوتِ خرید ختم ہو رہی ہے آئی پی پیز کیخلاف دھرنے پر بھی کچھ لوگوں نے تکلیف کی شکایت کی تھی تاہم دھرنے کے نتیجے میں حکومت آئی پی پیز سے بات کرنے پر مجبور ہوئی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایسا ہو نہیں سکتا دھرنے سے کسی کو تکلیف نہ ہو، چترال سےکراچی تک ملک بھر میں دھرنے ہو رہے ہیں جماعت اسلامی کے علاوہ کونسی دوسری سیاسی جماعت عوام کیلئےآواز اٹھا رہی ہے۔
جماعت اسلامی کا 12ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر کے لیے جماعت اسلامی نے بہت کام کیا ہے ابتدائی طور پر پاک افغان بارڈر پر ٹریڈزون بنانے کا مطالبہ کیا ہے دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ دنوں سےبات چیت کاسلسلہ شروع ہو چکا ہے بارڈر ٹریڈ زون بہتر بنا کر اور گرینڈ جرگہ تشکیل دے کر صورتحال بہتر بنا سکتے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ بجلی اورپٹرول کیساتھ حکومت سے روٹی سستی کرنےکا بھی مطالبہ کرتے ہیں، تاجر برادری سے درخواست ہے ہڑتال کے بغیر حکومت کے کان پر جوں نہیں رینگتی، حکومت نے ہماری تعلیم اور ترقی کی شاہراہ بند کر رکھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور دھرنے کے حوالے سے آج جماعت اسلامی کی قیادت سےبات کروں گا عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں، بالآخر عوام ہماری طرف آئیں گے، عوام کے مسائل اور ایشوز صرف جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہیں، 3ستمبر کو تاریخی ہڑتال ہو گی۔











