اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ وزارت عظمی کے امیدوار عمر ایوب نے کہاکہ یہ حکومت فارم 47 کی بنیاد پر بننے جارہی ہے ،اس حکومت کو چور مارکہ ٹو حکومت کہیں تو یہ حقیقت سے دو نہیں ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے لیڈر، ایم ڈبلیو ایم اپنے اراکین اور عوام کا شکر گزار ہوں،یہاں پر شہباز شریف نے تقریر کی ،ہم یہ کہتے ہیں کہ یہ فارم 47والی حکومت ہے،پی ٹی آئی کے لوگوں کو جبری گمشدہ کیا گیا،کیا پاکستان کے نوجوان اپنے خاندان کے ساتھ ہونے والے جبر کو بھول جائیں گے؟پہلے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بناؤ پھربیرونی سرمایہ کاری کی بات کرو،بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، وہ ایک سازش تھی،سازش سے پردہ ہٹنا چاہیے، 14 مارچ 2023 واقعے کا ذمہ دار شہباز شریف اور محسن نقوی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پی ڈی ایم کی حکومت کا تسلسل ہے اور ایک فاشسٹ حکومت ہے، اس حکومت کا کوئی نظریہ نہیں بلکہ صرف ایک چیز ہے لوٹ مار کرنا۔جو مخصوص نشستیں ہمیں ملنی چاہئیں وہ ہمیں نہیں ملیں اس لیے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کا الیکشن غیر قانونی ہوگیا ہے۔ ہم نے آئین کے تحت جو نقطہ اٹھایا تھا کہ یہ ہاؤس ان آرڈر نہیں ہے لیکن راجہ پرویز اشرف نے اس نقطے کو بلڈوز کیا۔
مزید پڑھیں: شہبازشریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری
عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ مسلم لیگ ن اور دیگر پارٹیوں کے جو لوگ بیٹھے ہیں ان کے چہروں سے لگتا ہے وہ ہارے ہوئے ہیں، ان کے چہروں سے لگتا ہے کہ ان کا مینڈیٹ چوری کا ہے اور جب کوئی چور چوری کرکے بھاگ رہا ہوتا ہے تو اس کے چہرے پر خوف ہوتا ہے۔دوران خطاب، عطاء تارڑ، اسامہ سرور، انجم عقیل اور دیگر ن لیگی رہنما عمر ایوب کے گرد جمع ہوکر گھڑی چور کے نعرے لگاتے رہے۔ اسد قیصر نے ن لیگی ایم این ایز کو نعرے بازی ختم کرنے کی درخواست کی جس پر ن لیگی ایم این ایز نعرے بازی ختم کرکے اپنی سیٹوں پر جا بیٹھے۔











