لیڈز (روشن پاکستان نیوز) ویسٹ یارکشائر کے علاقے ہول بیک میں دو روز قبل مرمت اور تعمیر کا کام مکمل ہونے والی سڑک پر، جو تاحال عام ٹریفک کے لیے بند ہے، ایک شہری نے اپنی گاڑی پارک کر دی۔ اس واقعے پر مقامی رہائشیوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیا ہے۔
تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کے داخلی راستے پر “روڈ کلوزڈ” کے بورڈز، ٹریفک کونز اور حفاظتی رکاوٹیں موجود ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ مرمت شدہ سڑک ابھی عوامی استعمال کے لیے نہیں کھولی گئی۔ اس کے باوجود ایک شہری کی جانب سے سڑک پر گاڑی پارک کرنا حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگرچہ سڑک کی مرمت مکمل ہو چکی ہے، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے باقاعدہ اجازت اور ٹریفک کے لیے کھولے جانے سے قبل سڑک پر گاڑی لے جانا یا پارک کرنا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ عوامی منصوبوں کے تحفظ اور انتظامی امور میں بھی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
برطانیہ: ہول بیک میں سڑکوں کی بحالی جاری، شہریوں کا پولیس گشت اور نفری بڑھانے کا مطالبہ
رہائشیوں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مرمت شدہ سڑکوں پر لگائے گئے حفاظتی بورڈز اور عارضی ٹریفک پابندیوں کا احترام کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، تاکہ عوامی وسائل سے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبے محفوظ رہیں اور انہیں مقررہ وقت پر عوام کے لیے کھولا جا سکے۔











