اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 24.704 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 2.026 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں فیصل آباد ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 878 گرام آئس برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
پشاور کے نادرن بائی پاس کے قریب ایک گاڑی سے 14.4 کلوگرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ یونیورسٹی روڈ پشاور پر ایک ملزم کے قبضے سے 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
اسی طرح ضلع سیالکوٹ کے علاقے گلوٹیاں موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ کسٹم چوک پشاور کے قریب ایک اور ملزم کے قبضے سے بھی 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔











