اتوار,  07 جون 2026ء
اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں کے حقوق کی جدوجہد قابلِ ستائش، پنجاب اسمبلی میں مسئلہ اٹھائیں گے: سردار رمیش سنگھ اروڑہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پنجاب حکومت کے اقلیتی امور کے وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں نے سابق وفاقی وزیر جے سالک کی قیادت میں اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کی ہے، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی قیادت اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج سمجھتی ہے، تاہم یہ افسوسناک امر ہے کہ اسلام آباد کی اقلیتوں میں احساسِ محرومی پایا جاتا ہے، جس کا ازالہ ناگزیر ہے۔

یہ بات انہوں نے پنجاب اسمبلی کے منتخب اراکین کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد کی مختلف کچی آبادیوں کے خصوصی دورے کے موقع پر کہی۔ وفد میں سونیا آشر، اعجاز عالم آگسٹین اور طارق گل بھی شامل تھے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں تاکہ معاشرے میں برابری اور شمولیت کا احساس پیدا ہو۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں کا مسئلہ پنجاب اسمبلی میں بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ مسئلہ پنجاب میں ہوتا تو اب تک حل ہو چکا ہوتا، تاہم انہیں یقین ہے کہ وفاقی حکومت بھی اس معاملے پر کام کر رہی ہے اور اس کے جلد حل کی ضرورت ہے۔

رکن پنجاب اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری سونیا آشر نے کہا کہ ایک غریب شخص بڑی محنت سے اپنا گھر بناتا ہے، اس لیے کسی بھی آبادی کو مسمار کرنے سے قبل متاثرین کے لیے متبادل رہائش کا بندوبست کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی جدوجہد میں برابر کی شریک ہیں اور اس مسئلے کو پنجاب اسمبلی میں بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا۔

ایم پی اے طارق گل نے کچی آبادیوں کے تحفظ کی تحریک کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مکینوں پر زور دیا کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ رہائش ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اسے پورے اعتماد کے ساتھ طلب کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق یہ صرف رہائشی نہیں بلکہ انسانی اور آئینی مسئلہ ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو رہائش فراہم کرے۔

اعجاز عالم آگسٹین نے کچی آبادیوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اس معاملے کو پنجاب اسمبلی کے فلور پر اٹھائیں گے اور اقلیتی اراکین کی جانب سے مشترکہ مطالبہ کریں گے کہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے لیے جامع اور منصفانہ پالیسی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں افراد کو بے گھر کرنا انصاف اور انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے منافی ہے۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر جے سالک نے پنجاب اسمبلی کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معزز اراکین کا کچی آبادیوں میں آ کر مکینوں کے مؤقف کی حمایت کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا مطالبہ جائز اور آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں کے مکین شدید ذہنی اور معاشی دباؤ کا شکار ہیں، مائیں راتوں کو بے چین ہیں، مرد سکون سے روزگار نہیں کر پا رہے جبکہ نوجوان اور بچیاں اپنے مستقبل کے حوالے سے فکرمند ہیں۔

کچی آبادیوں کے مکینوں نے وفد کی موجودگی میں اپنے مشترکہ مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی موجودہ رہائش گاہوں پر آباد رہنے دیا جائے اور تمام کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں۔ وفد کے تمام اراکین نے ان مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس اہم انسانی مسئلے کو متعلقہ فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔

مزید خبریں