جمعرات,  07 مئی 2026ء
فضائیہ ہر سطح پر ہمہ وقت تیار ، کسی بھی صورتحال میں ملک کا دفاع یقینی بنائے گی:ایئر چیف
فضائیہ ہر سطح پر ہمہ وقت تیار ، کسی بھی صورتحال میں ملک کا دفاع یقینی بنائے گی:ایئر چیف

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ایئرفورس کی جانب سے ’معرکہ حق‘ میں شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے خطاب کیا اور اس موقع کو قابلِ فخر قرار دیا، انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان فضائیہ کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کا نتیجہ ہے۔

ایئر چیف کے مطابق کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر پاک فضائیہ نے فوری طور پر ہائی الرٹ نافذ کیا اور فضائی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا، انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی گئی اور جدید ریڈار سسٹم اور فضائی دفاعی نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے مختلف علاقوں میں مسلسل فضائی گشت اور فوری ردعمل کے لیے جنگی طیاروں کی تیاری برقرار رکھی تاکہ کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دیا جا سکے، ان کے مطابق متعدد آپریشنز کے دوران فضائیہ نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

پاک فضائیہ کی جانب سے چینی طیاروں سے بھارتی طیارے گرانے کے بعد چینی کمپنی کے طیاروں کی فروخت دگنی ہوگئی

ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف دفاعی حکمت عملی کو مؤثر بنایا بلکہ مختلف علاقوں میں اپنی دفاعی اور آپریشنل تیاریوں کو بھی تیزی سے مکمل کیا، ان کا کہنا تھا کہ فضائیہ ہر سطح پر ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی صورتحال میں ملک کا دفاع یقینی بنائے گی۔

تقریب میں پاک فضائیہ کے شہدا، غازیوں اور اہلکاروں کی قربانیوں کو بھی سراہا گیا اور کہا گیا کہ ان کی خدمات پاکستان کی سلامتی کی ضمانت ہیں۔

ایئر چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’معرکہ حق‘ پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی روشن مثال ہے اور یہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔

پاکستان فضائیہ کے مطابق دشمن نے ابتدا میں اپنی ایک ناکام فضائی حکمتِ عملی ہاشم آرا میں تعینات کی، جسے بعد میں امبالہ منتقل کیا گیا اور پھر یہ پورا فضائی نظام گوالیار کی طرف منتقل کر دیا گیا۔

یہ حکمتِ عملی اس مقصد کے لیے تھی کہ اپنی مرکزی فضائی طاقت کو چھپایا جا سکے تاہم پاکستان فضائیہ کے جنوبی اور مرکزی علاقوں میں سخت اور جارحانہ فضائی پوزیشن کے باعث دشمن کو اپنی حکمتِ عملی تبدیل کرنا پڑی اور اسے شمال سے جنوب تک اپنے طیارے دوبارہ تعینات کرنے پڑے، جس سے ان کی اصل پوزیشن ظاہر ہو گئی۔

پاکستان فضائیہ نے اسی دوران اپنی حکمتِ عملی کو خفیہ رکھنے کے لیے مختلف طریقے اختیار کیے جن میں الیکٹرانک سگنلز میں تبدیلی، بار بار نقل و حرکت اور غیر متوقع آپریشنل پیٹرن شامل تھے، اس حکمتِ عملی کے باعث دشمن کو پاکستان کے منصوبوں کا اندازہ نہیں ہو سکا۔

فضائیہ کے مطابق دشمن کی اس عسکری تیاری کے مقابلے میں پاکستان فضائیہ مکمل الرٹ رہی اور مسلسل فضائی نگرانی جاری رکھی تاکہ ملکی فضائی حدود کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں