عارف والا(روشن پاکستان نیوز): پنجاب کے ایک شہر میں گھر داماد نے 6 لاکھ روپے کے حصول کے لیے اپنی ساس کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔
عارف والا کے علاقے تھانہ احمد یار کے گاؤں 133 ای بی میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک گھر داماد نے 6 لاکھ روپے کے حصول کے لیے اپنی ساس کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اکرام نے قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کیے اور اسے ایک صندوق میں بند کر کے کھیت میں دفن کر دیا، مقتولہ بشریٰ بی بی نے 6 ماہ قبل 6 لاکھ روپے کی بھینس فروخت کی تھی، جس پر ملزم اکرام کی نظر تھی اور وہ مسلسل اپنی ساس سے ان پیسوں کا مطالبہ کر رہا تھا۔ ساس کے انکار پر ملزم نے طیش میں آکر یہ گھناؤنا قدم اٹھایا۔
لاہور: مختلف علاقوں میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد ملزم نے بڑی ہوشیاری سے ساس کی گمشدگی کا ڈرامہ رچایا اور متعلقہ تھانے میں رپورٹ بھی درج کرائی۔ 6 ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد جب پولیس نے شک کی بنیاد پر تفتیش کا دائرہ وسیع کیا تو حقیقت سامنے آگئی۔
ملزم نے پولیس حراست میں اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے ساس کو قتل کرنے کے بعد 6 لاکھ روپے بھی چوری کر لیے تھے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقتولہ کی باقیات کی برآمدگی کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔











