اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سفیر رضا امیری موغادم سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاریوں اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی اور مذاکراتی ذرائع کے مؤثر استعمال اور پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا۔
محسن نقوی نے ایرانی سفیر کو اپنے حالیہ دورہ ایران سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ایرانی سفیر نے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور غیر ملکی وفود کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایران کا مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے پاکستان نہ آنے کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور یہ تعلقات بھائی چارے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ محسن نقوی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں تنازعات کے حل کے لیے بات چیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی شریک تھے۔











