منگل,  07 اپریل 2026ء
راولپنڈی میں سخت سکیورٹی انتظامات، دفعہ 144 نافذ، 3200 سے زائد اہلکار تعینات

راولپنڈی(سعد عباسی) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر شہر بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں 3200 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق تمام سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہر کی تمام مرکزی شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سی پی او کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ کمانڈوز اور ڈولفن فورس اہم مقامات پر مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے۔

شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں 57 خصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی یا شرپسندی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی یا شرپسند سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں