اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں بارش برسانے والے طاقتور سسٹم کی انٹری ہوگئی ، جس کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے 30 مارچ تک گرج چمک اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
مغربی سسٹم کے زیرِ اثر ان صوبوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جس سے نشیبی علاقوں میں فلش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
جڑواں شہروں سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل جم کر برسیں گے، جس کے پیش نظر اسلام آباد میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کیونکہ طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے۔
موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
کراچی سمیت سندھ بھر میں 29 مارچ تک آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر قائد میں آج اور کل ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 28 اور 29 مارچ کو شہر میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری (اولے پڑنے) کی بھی توقع ہے۔
بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، فلش فلڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد نقل مکانی یا احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران بجلی کے کھمبوں اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں جبکہ سیاحوں کو مٹی کے تودے گرنے کے خطرے کے باعث پہاڑی علاقوں کے سفر میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔











