راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز): عسکری قیادت اور مسلح افواج نے یوم پاکستان کے موقع پر ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یومِ پاکستان کے موقع پر عسکری قیادت اور مسلح افواج کی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے اور دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یوم پاکستان کی 86 سالگرہ کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا ایک سنگِ میل دن ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ایمان، امید اور استقامت کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان جمہوریت کے تسلسل کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ اسلامی اصولوں کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔
ایران میں فوجی مداخلت خطرناک جوا، خطہ بڑی جنگ کی طرف بڑھ سکتا ہے: سحر کامران
عسکری قیادت نے کہا کہ ملک کو درپیش دہشتگردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز کے باوجود مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام متحد ہو کر ان خطرات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر عسکری قیادت نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ملک کی سرحدوں کے دفاع، خود مختاری کے تحفظ اور اندرونی امن کے قیام کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری میں ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ قوم کے اتحاد، استقامت اور امید کے ساتھ پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔











