اسلام آباد (سعد عباسی) عید کے دوسرے روز بھی وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت اور مؤثر انتظامات جاری ہیں، جبکہ اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوان فیلڈ میں متحرک ہو کر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔
انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا اور دیگر سینیئر افسران بھی مختلف مقامات پر موجود ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور 3000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ اہم شاہراہوں، تفریحی مقامات اور حساس تنصیبات پر خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے۔
داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کے لیے خصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں، جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید کی خوشیوں میں شریک شہریوں اور فیملیز کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔
مزید برآں، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ پارکس کو فیملی پارکس قرار دے کر غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے اسلام آباد پولیس کے اقدامات کو سراہا ہے۔ عید کے پہلے روز مؤثر سکیورٹی انتظامات کے باعث کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عید کے ایام میں افسران اور جوان جذبہ خدمت کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں تاکہ شہری بلاخوف و خطر عید کی خوشیاں منا سکیں۔











