کراچی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں سونے کی قیمت بڑی کمی کے بعد 5 لاکھ 24 ہزار 562 روپے کی سطح پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ہونے والی کمی کے اثرات پاکستان کے صرافہ بازاروں پر بھی پڑے ہیں، جہاں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر قیمتیں گرنے کے باعث پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 8,700 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ، جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 24 ہزار 2562 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 7459 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 49 ہزار 727 روپے کا ہوگیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے کے دوران منفی رجحان رہا
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 87 ڈالر کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد عالمی ریٹ 5,018 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگیا ہے، چاندی کی قیمت میں 310 روپے کمی سے ایک تولہ 8541 روپے کا ہوگیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی سونے میں بڑھتی دلچسپی کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔











