اتوار,  05 جنوری 2025ء
سڈنی ٹیسٹ، نیا سال، نئی تبدیلیاں، پاکستان کرکٹ ٹیم قسمت بدلنے کیلئے پرعزم

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نئے کپتان اور نئی انتظامیہ کے ساتھ سڈنی ٹیسٹ میں بقاء کی جنگ لڑنا ہے۔ نئے سال میں ٹیم میں نئی تبدیلیوں کے بل پر قومی ٹیم قسمت بدلنے کیلئے پرعزم ہے ۔ پرتھ اور میلبرن ٹیسٹ جیت کر آسٹریلیا سیریز میں وائٹ واش کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ میزبان ٹیم نے پہلا ٹیسٹ360اور دوسرا ٹیسٹ79 رنز سے جیتا تھا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کےلیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پیر کوکھلاڑیوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں فزیکل ٹریننگ میں حصہ لیا، نیٹ سیشن میں بیٹنگ اور بولنگ کی جم کر پریکٹس کی۔ تیسرے ٹیسٹ کےلیے پاکستان ٹیم میں کم از کم دو تبدیلیوں کا امکان ہے، صائم ایوب کو امام الحق اور آف اسپنرساجد خان کو حسن علی کی جگہ فائنل میں الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ بدھ3جنوری سے شروع ہوگا۔دریں اثناء اسامہ میر، حارث رؤف اور زمان خان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں کے لئے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ اسپنر ابرار احمد نے نیٹ پر بولنگ شروع کردی۔ بولنگ کوچ سعید اجمل کے ساتھ ابراراحمد نےخصوصی پریکٹس کی۔ابراراحمد نے سڈنی میں دوران بولنگ کسی تکلیف کی شکایت نہیں کی۔ ٹیم مینجمنٹ ابراراحمد کی مکمل صحتیابی کے لیے پرامید ہے۔ ٹیم انتظامیہ ٹیسٹ سے قبل پریکٹس سیشن میں ابراراحمد کی فٹنس کا جائزہ لےکر حتمی فیصلہ کرےگی، انہیں کینبرا میں پریکٹس میچ کے دوران دائیں ٹانگ میں درد محسوس ہواتھا جس کے بعد وہ دو ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔

مزید خبریں