اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو آگاہ کرنے کیلیے تاریخ پیدائش کی تبدیلی یا تصحیح سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دیں۔
نادرا کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ حکومت پنجاب کے قواعد کے مطابق برتھ سرٹیفکیٹ میں درج تاریخ پیدائش میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا درستگی صرف متعلقہ یونین کونسل، کنٹونمنٹ بورڈ یا میونسپل کارپوریشن عدالت کے حکم کی بنیاد پر ہو سکتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسی قانونی تقاضے کے تحت نادرا کے پاس قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ، سی آر سی یا جیوینائل کارڈ میں تاریخ پیدائش کی تبدیلی یا تصحیح کی درخواست صرف اسی صورت میں زیر کارروائی لائی جائے گی جب متعلقہ عدالت کا باقاعدہ حکم اور تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے۔
نادرا میں پیدائش، شادی، طلاق، وفات کے اندراج کو جھنجھٹ سمجھنے والوں کیلیے اہم خبر
نادرا نے کہا کہ یہ وضاحت ضروری ہے کہ عدالت کے حکم کی شرط متعلقہ قوانین کے تحت مقرر ہے، نادرا شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کیلیے ہمہ وقت دستیاب ہے اور درخواست گزاروں کو متعلقہ قانونی طریقہ کار کے مطابق مکمل معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
یہ پالیسی پنجاب میں جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر تاریخ پیدائش کی تبدیلی یا تصحیح کے کیسز پر لاگو ہوگی۔











