منگل,  17 فروری 2026ء
تحریک انصاف برطانیہ کا عمران خان کو بیرون ملک علاج کیلئے بھیجنے کا مطالبہ

* مانچسٹر(ندیم طاہر)پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو علاج کے بیرون ملک بھیجا جائے جہاں پاکستانی اداروں کا دبائو نہ ہو۔تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کو جیل میں آہستہ آہستہ زہر دے کر انھیں مارنا چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف یوکے نارتھ ویسٹ کے سابق صدر آصف بٹ اور این ایچ ایس میں آنکھوں کے سرجن ڈاکٹر کامران آفتاب نے مانچسٹر میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پریس کانفرنس میں سلمان شاہ،روبینہ اقبال اور سمیع الحق سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔تحریک انصاف ڈاکٹر فورم یو کے کے صدر اور آنکھوں کے سرجن ڈاکٹر کامران آفتاب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو بیرون ملک علاج کے لئے بھیجا جائے جہاں اداروں کا دبائو نہ ہو انھیں امریکہ اور برطانیہ میں علاج کے لئے بھیجا جائے۔

انھوں نے کہا کہ اگر عمران خان کا علاج پاکستان میں کرنا ہے تو عمران خان کا علاج شفا انٹرنیشل ہسپتال میں شوکت خان ہسپتال کے ڈاکٹروں کی نگرانی میں کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ نامکمل ہے، عمران خان کو بینائی کا مسئلہ کب ہوا، مرض کیا ہے اور علاج کیاجاری ہے اس کی تفصیلات رہورٹ میں شامل نہیں، عمران خان کی آنکھ میں خون کا لوتھڑا ہے جس سے فالج،برین ہیمبرج ،ہارٹ اٹیک اور ان کی دوسری آنکھ بھی ختم ہو سکتی ہے۔ان کی آنکھ کا پریشر رہورٹ میں شامل نہیں۔ڈاکٹر کامران نے کہا کہ انھیں رہورٹ کے مصدقہ ہونے کے بارے میں شبہات ہیں، میڈیکل بورڈ میں دو ڈاکٹروں کے بجائے مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کو شامل کرنا چاہئے تھا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کیلئے جتنی کوشش محسن نقوی نے کی ، کسی اور نے نہیں کی ، علی امین گنڈاپور

تحریک انصاف یو کے نارتھ ویسٹ کے صدر آصف بٹ نے کہا کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان جعلی مقدمات میں قید ہیں، وہ مسلم امہ کے رہنما ہیں، پاکستان میں عمران خان کی بہنوں کی تین ماہ سے ملاقات پر پابندی ہے، عمران خان کے علاج میں غفلت کی گئی، وکلا سے ملاقات کی اجازت نہیں، عمران خان کو سلو پوائزن دیا جارہا ہے جس سے ان کی جیل میں زندگی ختم ہونے کا خطرہ ہے۔ عدلیہ انصاف میں ناکام ہو گئی ہے، انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ عمران خان کے علاج کے بارے میں اقدام کررہی ہےلیکن عدالت عظمی کو عمران خان کو مکمل علاج فراہم کرنے کا حکم دینا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے اندھے اور بہرے ہیں۔اوورسیز پاکستانی سراپا احتجاج ہیں،انھوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لئے ہمارا پرامن احتجاج جاری رہے گا اور قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے۔

مزید خبریں