پیر,  16 فروری 2026ء
راولپنڈی: عالمی وصالِ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کانفرنس 28 فروری کو منعقد ہوگی
راولپنڈی: عالمی وصالِ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کانفرنس 28 فروری کو منعقد ہوگی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز):آں حضرت نبی اکرم ﷺ کی زوجۂ محترمہ، امّ المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کا 1437واں یومِ وصال 28 فروری (10 رمضان المبارک) کو پوری دنیا میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر راولپنڈی میں ایک عظیم الشان عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ مرکزی امام حسین کونسل کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا، جو ممتاز اسکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی، چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل، کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں طے پایا کہ دنیا کی سب سے بڑی تقریب عالمی وصالِ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کانفرنس 28 فروری کو دوپہر 2 بجے سے شام تک پرل کانٹینینٹل ہوٹل راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔

راولپنڈی میں عالمی حضرت شاہِ ہمدان کانفرنس 17 فروری کو منعقد ہوگی

کانفرنس میں بیرونِ ملک کے علاوہ پاکستان کے مختلف حصوں سے نامور علما، مشائخ اور اسکالرز شرکت کریں گے، جو امّ المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی حیاتِ طیبہ، سیرت اور تعلیمات پر مفصل روشنی ڈالیں گے۔ مقررین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی دینِ اسلام کے لیے عظیم خدمات، قربانیوں اور رسول اکرم ﷺ کے ساتھ ان کے مثالی کردار کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔

منتظمین کے مطابق اس عالمی کانفرنس کا مقصد نئی نسل کو امّ المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی سیرت سے روشناس کرانا اور ان کے پیغامِ اخوت، ایثار اور اخلاقی اقدار کو عام کرنا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر خصوصی دعا بھی کی جائے گی۔

مزید خبریں