اسلام آباد(عرفان حیدر) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں 29 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 31.64 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں واقع ایک کوریئر آفس میں نیدرلینڈز سے آنے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 4 گرام کوکین، 21 گرام ایکسٹیسی گولیاں اور 19 گرام ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا۔
اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 21.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی مقام پر ایک اور کارروائی کے دوران گاڑی سے 3.2 کلوگرام افیون برآمد کر کے ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
گوادر میں اے این ایف کی بڑی کارروائی، 1.2 ٹن چرس برآمد، دو ملزمان گرفتار
شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسی مقام پر ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 2 کلوگرام آئس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
لاہور میں مسجد کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس بھی برآمد کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











