جمعرات,  12 فروری 2026ء
راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائیاں، جرائم پر قابو پانے کے لیے بھرپور اقدامات

راولپنڈی (کرائم رپورٹر)سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کی قیادت میں راولپنڈی پولیس نے جرائم کے خلاف مؤثر، پیشہ ورانہ اور نتیجہ خیز اقدامات کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں موٹر سائیکل اور گاڑی چوری یا اسنیچنگ کا ایک بھی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، جو راولپنڈی پولیس کی مربوط حکمت عملی، متحرک گشت اور فوری رسپانس کا واضح ثبوت ہے۔

تفصیلات کے مطابق سال 2023، 2024 اور 2025 کے دوران انٹیلی جنس بیسڈ کریک ڈاؤن، ٹارگٹڈ آپریشنز، جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلی جنس اور سرویلنس مانیٹرنگ کے ذریعے بائیک اور وہیکل چوری میں بتدریج اور مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں ان جرائم کو زیرو لیول تک لایا گیا۔ سی پی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے تحفظ کے لیے اسٹیئرنگ اور وہیل لاک کا استعمال کریں، محفوظ پارکنگ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں۔

راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں: ایس ایس پی آپریشنز کی ہدایات، مشکوک افراد پر کریک ڈاؤن اور مقدمات میں گرفتاریاں

دوسری جانب سی پی او کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران 81 مقدمات درج کر کے 93 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر حالیہ کارروائیوں میں 49 مقدمات درج کر کے 55 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہ کارروائیاں تھانہ نصیرآباد، سول لائنز، ویسٹریج، واہ کینٹ، صدر واہ، نیوٹاؤن، کینٹ، گوجرخان، مندرہ، صدر بیرونی، دھمیال، روات، چونترہ، کہوٹہ اور کلر سیداں کے علاقوں میں کی گئیں۔ پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کرایہ داروں اور ملازمین کا اندراج لازمی کروائیں، کیونکہ رجسٹریشن نہ کروانا قابلِ سزا جرم ہے۔

مزید کارروائیوں میں تھانہ سٹی پولیس نے شہری کی دکان پر قبضے کی کوشش اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے 7 افراد کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ایس پی راول سعد ارشد کے مطابق ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

اسی طرح ایس ایس پی انوسٹی گیشن ناصر علی خان نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کے مسائل سن کر ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

دیگر کارروائیوں میں وارث خان پولیس نے چیک ڈس آنر کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا، جبکہ پیرودھائی پولیس نے چوری کے مقدمے میں ملوث شخص کو گرفتار کر کے مسروقہ لکڑی برآمد کر لی۔ اس کے علاوہ پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 28 روز میں شہر بھر سے 312 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں مرد، خواتین اور خواجہ سرا شامل ہیں۔

راولپنڈی پولیس نے منشیات اور ناجائز اسلحے کے خلاف بھی کارروائیاں کرتے ہوئے 5 افراد کو حراست میں لے کر شراب اور اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں