بدھ,  11 فروری 2026ء
گوادر میں اے این ایف کی بڑی کارروائی، 1.2 ٹن چرس برآمد، دو ملزمان گرفتار

گوادر(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنا پر گوادرریجن میں ایک بڑی کارروائی کے دوران بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے 1.2ٹن چرس برآمد کر لی، جس کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 66.15 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس اپنے انٹیلی جنس ذرائع سے اسحاق بلوچ نامی بدنام زمانہ منشیات اسمگلر کی زیرِ سرپرستی بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ گروہ (DTO) کی کڑی نگرانی کر رہی تھی۔ یہ نیٹ ورک پنجگور سے تربت کے راستے گوادر اور پسنی تک منشیات منتقل کرنے میں ملوث ہے۔ جہاں سے یہ گروہ سمندری راستے سے تیز رفتارماہی گیر کشتیوں کے ذریعے خلیجی ممالک، یمن اور تنزانیہ منشیات اسمگل کرتاہے ۔نگرانی کے عمل کے دوران اے این ایف گوادرکو اطلاع موصول ہوئی کہ مذکورہ نیٹ ورک بڑی مقدار میں منشیات ٹرک کے ذریعے پنجگور سے تربت منتقل کرنے والا ہے جسے بعد میں مختلف ذرائع سے ساحل سمندر تک پہنچایا جائے گا تاکہ تیز رفتارماہی گیر کشتیوں کے ذریعے منشیات کی اس کھیپ کو بیرون ممالک اسمگل کیا جا سکے۔ موصول شدہ اطلاع پراے این ایف نے پنجگور–تربت قومی شاہراہ(ایم 8) پرمذکورہ ٹرک کو روک کر تلاشی کے دوران ٹرک کے خفیہ خانوں سے 1200 کلوگرام(1.2ٹن) اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کر کے ٹرک میں سوار 2 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔

لاہور ایئرپورٹ پر اے این ایف کی بڑی کارروائی، بیرونِ ملک نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ضبط شدہ منشیات کا اصل وصول کنندہ بدنام زمانہ منشیات اسمگلرز اسحاق بلوچ ہے۔ تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ برآمد شدہ منشیات افغانستان سے پاکستان اسمگل کی گئی ہیں جنہیں بعد ازاں اسحاق بلوچ نے اپنے کارندوں کے ذریعے سمندری راستے سے تیز رفتار ماہی گیر کشتیوں میں بیرون ممالک اسمگل کرنا تھا۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گروہ کے سرغنہ اور دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اے این ایف اپنے محدود وسائل اور کم افرادی قوت کے باوجود نہ صرف پاکستان کے طول و عرض بلکہ بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ کے خلاف پورے عزم کے ساتھ برسرِپیکار ہے۔حالیہ کارروائی منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کے بھرپور عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

مزید خبریں