اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد کے اندر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وحشیانہ اور بزدلانہ کارروائی انسانیت سوز ہے، جس میں معصوم اور بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نمازیوں کا خون بہانے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، یہ عناصر نہ صرف ملک بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ ایسے سفاک کردار ملکی امن، سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی پر براہِ راست حملہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد جیسے حساس اور محفوظ تصور کیے جانے والے شہر میں اس نوعیت کا واقعہ ہونا سکیورٹی انتظامات پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آ رہے ہیں، جس کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لینا ناگزیر ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فی الفور گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی درندگی کی جرأت نہ کر سکے۔انہوں نے زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔اسلام آباد اور راولپنڈی کے مومنین سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کے ناطے آگے بڑھیں اور زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دینے کی خاطر قریبی ہسپتالوں سے فوری رابطہ کریں۔











