جمعه,  06 فروری 2026ء
سحر کامران کی ترلائی امام بارگاہ خودکش حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں خدیجۃ الکبریٰ امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں سحر کامران نے کہا کہ جمعہ کی عبادت کے دوران معصوم نمازیوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور اسلام دونوں کے خلاف ایک بزدلانہ اور سفاک جرم ہے، جس کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ فرقہ واریت پھیلانے اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناونی سازش ہے۔

سحر کامران نے مزید کہا کہ اس دلخراش واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پورے پاکستان کے لیے ناقابلِ برداشت قومی سانحہ ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کا اظہار کیا۔

سحر کامران کا بل مسترد ہونے پر اظہار ناراضگی، نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کا مطالبہ

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ دہشت گردی چاہے اندرونی ہو یا بیرونی سرپرستی کے ساتھ، ریاست اس کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملے کے ماسٹر مائنڈز، سہولت کاروں اور پسِ پردہ عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سحر کامران نے واضح کیا کہ عبادت گاہوں کی حرمت پامال کرنے والوں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور انسانیت کے دشمن جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

مزید خبریں