جمعه,  06 فروری 2026ء
اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کے نفاذ پر دوہرا معیار سامنے آ گیا

اسلام آباد: (روشن پاکستان نیوز) دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کے نفاذ پر دوہرا معیار سامنے آ گیا ہے۔ ایک جانب بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے عام شہریوں کو ہزاروں روپے جرمانے، موٹر سائیکلوں کی ضبطی اور ایف آئی آرز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے اہلکار خود انہی قوانین کی خلاف ورزی کرتے نظر آ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا کی زیر قیادت نکالے گئے فلیگ مارچ کے دوران متعدد اسلام آباد پولیس اہلکار بغیر ہیلمٹ شہر کی سڑکوں پر موٹر سائیکلیں چلاتے دکھائی دیے، جس پر شہریوں کی جانب سے شدید تشویش اور سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

مری ایکسپریس وے پر شدید برفباری، ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار خود ٹریفک قوانین کی پابندی نہیں کریں گے تو عام شہریوں سے قانون پر عملدرآمد کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔ اس صورتحال پر اسلام آباد کے آئی جی پولیس سید علی ناصر رضوی اور چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کے مؤقف کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور ذمہ دار افسران سے وضاحت طلب کریں کہ آیا ہیلمٹ پہننے کا قانون صرف عام شہریوں کے لیے ہے یا اس کا اطلاق اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں پر بھی یکساں طور پر ہوتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی اسی صورت ممکن ہے جب اس کا نفاذ بلاامتیاز کیا جائے۔

مزید خبریں