اسلام آباد: (روشن پاکستان نیوز) اویئرنس مین آف پاکستان منصور شیروانی گزشتہ پانچ برسوں سے رضاکارانہ طور پر مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ماحولیات کے تحفظ اور صفائی کے مشن پر سرگرم عمل ہیں۔ وہ بغیر کسی معاوضے کے روزانہ فجر کے بعد نیشنل پارک پہنچتے ہیں اور مغرب تک کچرا، پلاسٹک اور استعمال شدہ ڈائپرز صاف کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں ماحولیات، جنگلی حیات اور درختوں کی اہمیت سے متعلق آگاہی بھی فراہم کرتے ہیں۔
منصور شیروانی کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان، اپنی سرزمین اور قومی پارکس سے بے پناہ محبت ہے اور ان کا مشن پاکستان کو کچرا فری اور پلاسٹک فری بنانا ہے۔ گزشتہ رمضان المبارک میں انہوں نے پی ایچ اے ہاوا روڈ، جو تقریباً 9 کلومیٹر طویل ہے، اکیلے پیدل چل کر مکمل طور پر صاف کیا۔ اس کے علاوہ وہ مختلف ویو پوائنٹس پر بھی باقاعدگی سے صفائی کرتے ہیں جہاں سیاح کھانے پینے کے بعد کچرا پھیلا دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں طلبہ کے ساتھ آگاہی سیشنز کر چکے ہیں، ان کے ساتھ ہائکنگ کی ہے اور یہ پیغام دیا ہے کہ کچرا نہ پھیلائیں، ماحول صاف رکھیں، درخت لگائیں اور جنگلی حیات کا تحفظ کریں۔ ان کے مطابق بچوں کا یہ کہنا کہ وہ بڑے ہو کر اویئرنس مین بننا چاہتے ہیں، ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
یونیورسٹی کے طلبہ بھی ان کے ساتھ رضاکارانہ طور پر صفائی اور آگاہی مہم میں شریک ہوتے ہیں۔ منصور شیروانی کے مطابق ایک جرمن خاتون نے ان کے ساتھ ہائکنگ کے دوران کہا کہ اگر وہ جرمنی میں ہوتے تو ان کی خدمات کتابوں میں شامل ہوتیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس مشن کے دوران انہیں گالیاں، تشدد اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، مگر وہ اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے۔
آسٹریلیا نے پاکستانی طلبہ کیلئے بڑا اعلان کردیا
منصور شیروانی ہفتے میں تین دن اور مہینے میں تقریباً بارہ دن مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں صفائی کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ شاید وہ پاکستان میں واحد رضاکار ہیں جو اس تسلسل کے ساتھ یہ کام انجام دے رہے ہیں۔ انٹرنیشنل میڈیا اور متعدد مارننگ شوز ان کی خدمات کو اجاگر کر چکے ہیں اور لوگ انہیں نیشنل ہیرو بھی قرار دیتے ہیں۔
تاہم، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اب تک انہیں حکومتی سطح پر کوئی باقاعدہ پذیرائی نہیں ملی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ان کی خدمات کو تسلیم کرے، ایوارڈ دے یا نامزدگی کرے تو اس سے مزید نوجوان اس مشن کا حصہ بنیں گے اور ملک میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ منصور شیروانی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آخری سانس تک پاکستان کو صاف، سرسبز اور محفوظ بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔











