اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ایک مؤثر اور بامقصد کشمیر سالیڈیرٹی کانفرنس قائدِاعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں کامیابی سے منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں طلبہ، اساتذہ، محققین، انسانی حقوق کے کارکنان، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
کانفرنس کا مقصد بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا اور عالمی برادری کی توجہ اس دیرینہ تنازع کے انسانی، قانونی اور اخلاقی پہلوؤں کی جانب مبذول کرانا تھا۔
چیئرمین ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان، جمشید حسین صاحب نے اپنے خطاب میں کہا:
“کشمیر محض ایک جغرافیائی تنازع نہیں بلکہ یہ بنیادی انسانی حقوق، انسانی وقار اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔ ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کشمیری عوام کی آواز بن کر ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر ان کے حقِ خودارادیت اور بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہم خاموش تماشائی نہیں بن سکتے جب ایک پوری قوم ظلم، جبر اور ریاستی تشدد کا سامنا کر رہی ہو۔”
حریت رہنما محمود احمد ساگر صاحب نے اپنے بیانیے میں کہا:
“کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں۔ گھروں کی مسماری، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور سیاسی قید و بند روزمرہ کا معمول بن چکا ہے، مگر کشمیری قوم کا حوصلہ آج بھی بلند ہے۔ پاکستان کے عوام، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بالخصوص طلبہ کی طرف سے یکجہتی ہمارے حوصلے کو تقویت دیتی ہے۔ یہ جدوجہد حق اور سچ کی جدوجہد ہے، جو ایک دن ضرور کامیاب ہوگی۔”
حریت رہنما شیخ متین صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا:
“بھارت مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے زور پر کشمیری عوام کی شناخت، آزادی اور آواز کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، مگر تاریخ گواہ ہے کہ ظلم ہمیشہ عارضی اور حق ہمیشہ سربلند رہا ہے۔ ہمیں عالمی برادری سے یہ مطالبہ کرنا ہوگا کہ وہ دوہرے معیار ترک کرے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ایسی کانفرنسز کشمیری کاز کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔”
کانفرس کے بعد یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے واک کا اہتمام بھی کیا گیا
کانفرنس کے اختتام پر شرکاء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیمِ کیے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اور انسانی بنیادوں پر مکمل یکجہتی جاری رکھی جائے گی۔ شرکاء کو شرکت کے سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔
ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے بامقصد پروگرامز کے ذریعے انصاف، انسانی وقار اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کی جاتی رہے گی۔











