لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 4 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے۔ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتی ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حالیہ ہڑتال کے دوران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ تاہم اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے دوران وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کے ساتھ متعدد مسائل پر معاہدہ طے پایا تھا۔ مگر تاحال ان معاہدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے خبردار کیا کہ اگر معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ ملک گیر ہڑتال پر مجبور ہوں گے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب پر عائد ہو گی۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے بھی خودساختہ بسوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت کیلئے ”راہگزر“ موبائل ایپ لانچ کر دی گئی
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ آئندہ 15 روز کے لیے پٹرول کی فی لیٹر قیمت 253 روپے 17 پیسے پر برقرار رکھی گئی۔











