اتوار,  01 فروری 2026ء
کشمیری رہنما صدر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر حریت کانفرنس کی تعزیت

اسلام آباد(روشن پاکسدتان نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم کی وفات کشمیری قوم کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ مرحوم صدر نے بحیثیت وزیرِ اعظم اور بعد ازاں صدر آزاد جموں و کشمیر انتہائی خلوص، وقار، دیانت داری اور قومی شعور کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے۔ انہوں نے ہر منصب پر رہتے ہوئے کشمیری عوام کے جذبات، امنگوں اور قربانیوں کی سچی ترجمانی کی اور مسئلہ کشمیر کو اپنی سیاست کا محور بنائے رکھا۔

کنوینر نے مزید کہا کہ صدر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بھرپور، مدلل اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا، عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی۔ انہوں نے بھارت کے جابرانہ اور غیر قانونی اقدامات کو بے نقاب کرنے کے لیے بے خوف اور بے لوث جدوجہد جاری رکھی۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ مرحوم ایک مدبر سیاستدان، زیرک سفارت کار اور کشمیر کاز کے سچے علمبردار تھے، جن کی خدمات تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے روشن ابواب میں شمار ہوں گی۔ ان کی قیادت میں آزادیٔ کشمیر کی جدوجہد کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر نئی قوت اور سمت ملی۔

کنوینر نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مرحوم کے سوگوار خاندان، حکومت آزاد کشمیر اور عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات، عزم اور جدوجہد کشمیری عوام کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی اور تحریکِ آزادیٔ کشمیر ان کے افکار کی روشنی میں آگے بڑھے گی۔

مزید خبریں