اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) جون 2026 تک عالمی سطح پر سونے کی قیمت کہاں تک جائیگی؟نئی پیشگوئی کردی گئی۔
یونین بینک آف سوئٹزرلینڈ (UBS) نے پیش گوئی کی ہے کہ 2026 کے وسط تک عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 6 ہزار 200 ڈالر کی بلند ترین سطح تک جاسکتا ہے۔
قبل ازیں عالمی مالیاتی ادارے گولڈ مین سیچز(Goldman Sachs) نے سونے کی قیمت سے متعلق پیش گوئی کی تھی جس کے مطابق 2026 کے اختتام تک فی اونس سونے کی قیمت 5,400 ڈالر تک جاسکتی ہے۔
یاد رہے گزشتہ شب سونے کی قیمت 5 ہزار 594 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچنے کے بعد اچانک 5 فیصد کمی کے ساتھ 5 ہزار 109 ڈالر تک آ گئی ہے۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ مختصر مدت میں قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم مجموعی طور پر سونے کی کارکردگی اب بھی غیر معمولی قرار دی جا رہی ہے۔
سونا بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد سستا ہو گیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونا ماہانہ بنیادوں پر 24 فیصد اضافے کے ساتھ سال 1980 کے بعد اپنی بہترین پوزیشن میں ہے، جو عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، مہنگائی کے خدشات اور سرمایہ کاروں کے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین یہ بھی بتاتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں کا انحصار عالمی معاشی اشاریوں، امریکی ڈالر کی قدر، شرح سود اور جغرافیائی سیاسی صورتحال پر ہوگا۔ سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ مارکیٹ کے رجحانات پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی فیصلے سے قبل احتیاط سے کام لیں۔











