جدہ(روشن پاکستان نیوز) مکہ المکرمہ میں عمرے کی سعادت کے لیے سکھر پریس کلب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری فنانس لالا اسد پٹھان کی قیادت میں آنے والے صحافیوں کے وفد کے اعزاز میں یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان اور پاکستانی صحافیوں کی جانب سے عشائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا
تقریب میں پہنچنے پر جہانگیر خان، حاجی عثمان، شعیب الطاف اور محمد عدیل نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبالیہ خطاب میں یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان نے کہا کہ سکھر پریس کلب سندھ کے عوام کی مؤثر آواز ہے اور لالا اسد پٹھان کی قیادت میں یہ پاکستان کا واحد پریس کلب ہے جو ہر سال صحافیوں کو عمرے کی سعادت کے لیے لے کر آتا ہے، جو ایک قابلِ تحسین روایت ہے۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری فنانس لالا اسد پٹھان نے سندھ سے آنے والے صحافیوں کے شاندار استقبال پر سعودی عرب میں مقیم مقامی صحافیوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمرے کی سعادت کے لیے آنے والے صحافیوں کے تمام اخراجات سکھر پریس کلب اور وہ ذاتی طور پر برداشت کرتے ہیں۔ ایسی تقاریب پاکستان اور سعودی عرب میں کام کرنے والے صحافیوں کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافت کی آزادی اور اظہارِ رائے کے حق کے لیے جدوجہد ہمیشہ جاری رہے گی۔
سکھر سے آنے والے صحافیوں میں خالد بانبھن، جاوید جتوئی، انس گھانگھرو، احقر رضوی، نوید کھوڑو، شفیع ابڑو، اسحاق کھوسو، آصف اعوان اور سلیم سھتو شامل تھے۔
جبکہ سعودی عرب میں مختلف پاکستانی چینلز اور اخبارات سے وابستہ صحافیوں، پاکستان اوورسیز میڈیا فورم کے صدر راجہ شعیب الطاف، حاجی عثمان، محمد عدیل، محمد شباب، سید فہد، فواد سواتی، امداد حسین لک اور اپنک کے صدر صدیق اظہر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔











