اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ٹی20 ورلڈ کپ 2026میں شرکت کا حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو ہوگا،احتجاج سے متعلق تمام آپشنز وزیراعظم کے سامنے رکھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مفید ملاقات ہوئی،وزیر اعظم کو آئی سی سی معاملے پر بریف کیا،وزیراعظم نے تمام آپشنز کو سامنے رکھتے ہوئے مسئلے کو حل کرنے کی ہدایت کی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی اہم ملاقات ہوئی ، جس میں ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق مشاورت ہوئی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیا گیا، پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے تمام آپشنز رکھ دئیے ہیں ، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف اور پاکستان کے آپشنز پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دیگر شراکت داروں سے بھی مشاورت کرینگے،وزیراعظم شہباز شریف کو وزیر داخلہ نے تمام تر صورت حال پر اعتماد میں لیا۔قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق وزارت خارجہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔











