کراچی (روشن پاکستان نیوز) پاکستان میڈیا کونسل کے مرکزی صدر مہر حمید انور نے پی ایم سی کراچی چیپٹر کی 2026 کی باڈی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق فخر الہدیٰ المعروف عرفان بٹ کو سرپرستِ اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میاں خرم شہزاد کو پی ایم سی کراچی چیپٹر کا صدر نامزد کیا گیا ہے۔ فدا پاکستانی کو سینئر نائب صدر، ساجد حسین کو نائب صدر، ساجد احمد کو سیکرٹری جنرل، رئیس شیخ کو جوائنٹ سیکرٹری اور زوہیب راجپوت کو انفارمیشن سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی صدر مہر حمید انور، مرکزی ترجمان عامر شیخ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ضمیر ڈیتھو، نائب صدر سندھ میر زبیر ارائیں اور سینئر ممبر و اینکر پرسن امجد چوہدری نے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت صحافتی اقدار کے فروغ، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور میڈیا کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور فعال کردار ادا کرے گی۔ صدر پی ایم سی کراچی چیپٹر میاں خرم شہزاد نے اعتماد پر مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میڈیا کونسل کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کو متحد کرنے، پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے اور کراچی چیپٹر کو مزید فعال بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ سیکرٹری جنرل ساجد احمد نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایم سی کراچی چیپٹر کو منظم، متحرک اور مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور صحافی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا جائے گا۔ پاکستان میڈیا کونسل کی جانب سے نئی باڈی کی تشکیل کو صحافتی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔











