هفته,  24 جنوری 2026ء
ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، بالائی علاقوں میں کئی کئی فٹ برف پڑنے سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔

وادی نیلم، سدھنوتی، باغ، ہٹیاں بالا، اٹھ مقام، اپر نیلم سمیت آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی۔ شدید برفباری کی وجہ سے ضلع حویلی کی حدود میں ایمبولینس سمیت 25 کے قریب گاڑیاں پھنس گئیں۔

پاک آرمی نے 32 مسافروں کو ریسکیو کرلیا، پھنسی ہوئی گاڑیوں میں 100کے قریب افراد سوار تھے، مظفرآباد میں کئی سالوں کے بعد برف باری ہوئی، مری میں برفباری کا بیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، وادی نیلم میں شدید برف باری سے 3 مکانات گر گئے۔

برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے اہم شاہراہیں بند ہوگئیں، راستے بحال کرنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، وادی تیراہ میں شدید برفباری کے بعد ریسکیو کا امدادی آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھیں: امریکہ کا گرین لینڈ معاملہ پرساتھ نہ دینے والے ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد

ترجمان ریسکیو کے مطابق ریسکیو 1122 نے 1100 سے زائد متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے، برف میں پھنسی 120 سے زائد گاڑیوں کو نکال لیا گیا۔ ایمرجنسی گاڑیوں اور ہیوی مشینری کے ذریعے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

خیبرپختونخوا میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، وادی کاغان میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کے بعد انتظامیہ نے سیاحوں کا داخلہ بند کردیا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں کل سے مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

مزید خبریں