اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کا آغاز ہو گیا ہے، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، کوژک ٹاپ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری ہوئی۔
برفباری کے باعث کان مہترزئی میں ہنگامی اقدامات اٹھانا پڑے، بارش کے باعث کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی، نوشکی میں برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارش کا الرٹ جاری
بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دوپہر سے شام تک بارش ہونے کی توقع ہے۔
آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔











