بھوپال (روشن پاکستان نیوز): بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں جائیداد کی خاطر پانچ شادیاں کرنے والی لٹیری دلہن کو عدالت نے سزا سنا دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کی ضلعی عدالت نے طلاق لیے بغیر پانچ شادیاں کرنے والی خاتون کو دو سال قید بامشقت اور 2000 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
متاثرہ شوہر کی شکایت پر تھانہ شاہ جہاں آباد میں درج ایف آئی آر پر ضلعی اور سیشن جج میگھا اگروال نے حکم جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں شادی والے گھر سلنڈر دھماکا، دلہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق
درخواست گزار نے بیان دیا کہ حسینہ نامی خاتون نے اس کے ساتھ دھوکے سے پانچویں شادی کی جبکہ وہ پہلے ہی چار شادیاں کر چکی تھی اور اس نے یہ بات مجھ سے چھپائے رکھی۔
عدالتی کارروائی کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ خاتون غریب اور تنہا مردوں کو اپنا نشانہ بناتی تھی، شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کو ذہنی اور جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر ان کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتی تھی۔
عدالت نے اسے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جرم قرار دیا اور کہا کہ پیش کیے گئے شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ دھوکہ دہی میں لٹیری دلہن اکیلی نہیں بلکہ اس کی بیٹیاں اور داماد بھی اس نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
’طلاق کے بغیر چار شادیاں کرنا قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ ثابت ہوا کہ حسینہ نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق نہیں لی تھی اور مزید چار شادیاں کیں۔ یہ عمل بھارتی قانون کے تحت سنگین جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت اسے محض ازدواجی دھوکہ دہی نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی مجرمانہ کارروائی تصور کرتی ہے۔‘
عدالت نے مختلف دفعات کے تحت خاتون کو مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلاق کے بغیر بار بار شادی کرنا غیر قانونی ہے اور اس سے معاشرے میں اعتماد کا رشتہ ٹوٹتا ہے۔











