منگل,  20 جنوری 2026ء
امریکی صدر کی فرانسیسی صدر کو دھمکی

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے سیاسی مستقبل پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میکرون زیادہ عرصے تک اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی امریکی کوششوں کے باعث یورپ اور امریکا کے تعلقات میں شدید تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔ جس پر یورپی ممالک میں بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی ہلچل دیکھی گئی ہے۔

اس معاملے پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے دیگر یورپی رہنماؤں کے مقابلے میں زیادہ سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ امریکا کے خلاف اپنے سخت ترین تجارتی اقدامات کو فعال کرے۔

ڈونلڈ ٹرمپ فرانس کے اس فیصلے پر بھی ناراض دکھائی دیئے کہ وہ ٹرمپ کے مجوزہ ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل ہونے سے ہچکچا رہے ہیں۔ میکرون نے اس بورڈ کے اقوام متحدہ کے کردار پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ سے میکرون کے مؤقف کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کیا انہوں نے واقعی ایسا کہا ہے؟۔ خیر، ویسے بھی انہیں کوئی نہیں چاہتا کیونکہ وہ بہت جلد اقتدار سے باہر ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیرف کی دھمکیاں مسترد ، گرین لینڈ کیساتھ کھڑے ہیں ، یورپی ممالک کا ٹرمپ کو دو ٹوک جواب

امریکی صدر نے کہا کہ وہ فرانسیسی وائن اور شیمپین پر 200 فیصد ٹیرف عائد کر سکتے ہیں۔ اور دعویٰ کیا کہ اس کے بعد فرانس تعاون پر مجبور ہو جائے گا۔ تاہم ان کے بقول میکرون کی شمولیت ضروری نہیں۔

مزید خبریں