جدہ(روشن پاکستان نیوز) معروف بزنس مین اور سماجی خدمت گار چوہدری افتخار چیمہ کی والدہ کے انتقال پر جدہ میں صحافیوں کی جانب سے ایک دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مرحومہ کے ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ شرکاء نے مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
دعائیہ اجتماع میں یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان، سینئر رکن سید فہد، پاک اوورسیز میڈیا کے سرپرستِ اعلیٰ سید مسرت خلیل، چیئرمین پاک اوورسیز میڈیا فورم چوہدری ریاض گھمن، صدر پاک اوورسیز میڈیا فورم شعیب الطاف، سینئر رکن مرزا مدثر اور شباب بھٹہ سمیت دیگر صحافیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ تمام شرکاء نے مرحومہ کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر صحافیوں کا کہنا تھا کہ چوہدری افتخار چیمہ نہ صرف ایک کامیاب بزنس مین ہیں بلکہ سماجی خدمات کے حوالے سے بھی ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں، اور دکھ کی اس گھڑی میں صحافتی برادری ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ شرکاء نے اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے اور استقامت کی دعا کی۔
آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی ہمدردی اور باہمی اخوت کی روایت کو برقرار رکھا جائے گا اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا صحافتی برادری کی پہچان ہے۔











