منگل,  20 جنوری 2026ء
مانچسٹر: مسلم لیگ (ن) کے یوتھ ونگ کی مقبولیت میں اضافہ، پی ٹی آئی چھوڑ کر لوگ ن لیگ میں شامل ہو رہے ہیں، صدر نیل بٹ

مانچسٹر (روشن پاکستان نیوز): مسلم لیگ (ن) گریٹر مانچسٹر کے صدر نیل بٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ، بالخصوص مانچسٹر میں نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہی ہے، جن میں بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو ماضی میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ تھے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں نیل بٹ، جو گزشتہ ڈیڑھ سال سے صدارت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، نے بتایا کہ انہوں نے 16-17 سال کی عمر میں اپنے بھائی شیراز بٹ کے ساتھ پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد ان میں ایک نیا جنون پیدا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چھوڑ کر آنے والے لوگوں کو اب حقیقت سمجھ آ رہی ہے کیونکہ 2018 کے بعد سے ان کا “برین واش” کیا گیا تھا، مگر اب وہ ن لیگ سے رکنیت اور عہدے لے رہے ہیں۔

پنجاب حکومت کی کارکردگی اور مریم نواز کی تعریف نیل بٹ نے پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بسوں کا اجراء، نئے ہسپتالوں کی تعمیر اور کینسر ہسپتال جیسے منصوبے عوامی خدمت کی بہترین مثالیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے جتنا کام مختصر عرصے میں کیا ہے، اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔

پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ضمنی انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان

نوجوانوں کے لیے ‘پرواز کارڈ’ اور ملکی معیشت حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے ‘پرواز کارڈ’ کا دفاع کرتے ہوئے نیل بٹ نے کہا کہ اس کا مقصد نوجوانوں کو ہنر سکھا کر بیرون ملک بھیجنا ہے تاکہ وہ وہاں سے زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو مضبوط کریں۔ ان کا ماننا ہے کہ جب یہ ہنرمند نوجوان بیرون ملک سے سرمایہ کاری لے کر واپس آئیں گے تو ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔

پارٹی اتحاد اور سیاسی مخالفین کو جواب پارٹی کے اندرونی اختلافات اور “دو دھڑوں” کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے نیل بٹ نے واضح کیا کہ اگرچہ کام کرنے کا طریقہ مختلف ہو سکتا ہے، لیکن سب کا پلیٹ فارم اور لیڈر صرف میاں محمد نواز شریف ہیں۔ انہوں نے پرانے ورکرز کو “سر کا تاج” قرار دیا اور سب کو مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔

صحافی اقرار الحسن کی نئی پارٹی اور موروثی سیاست کے حوالے سے تنقید پر جواب دیتے ہوئے نیل بٹ نے کہا کہ مریم نواز عوامی ووٹوں سے منتخب ہو کر آئی ہیں اور ان کے کام کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ایک نوجوان لیڈر کی حیثیت سے پارٹی کو مزید منظم اور متحرک کرتے رہیں گے۔

مزید خبریں