اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انڈر 19 ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلا گیا۔ پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسکاٹ لینڈ کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔ اور مقررہ 50 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اسکاٹ لینڈ کی اننگز کے آغاز میں قومی فاسٹ باؤلر علی رضا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ جس سے پاکستان کو مضبوط آغاز ملا۔ اسکاٹ لینڈ کا کوئی بھی بلے باز پاکستان باؤلرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔
مجموعی طور پر علی رضا نے 37 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ مومن قمر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محتاط اور ذمہ دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 43.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ عثمان خان نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز بنائے۔ جبکہ احمد حسین نے 47 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں شعبان کا چاند نظر آیا یا نہیں؟اعلان کردیا گیا
قومی ٹیم نے میچ 6 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔











