نئی دہلی(روشن پاکستان نیوز) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں 103 سالہ بزرگ خاتون آخری رسومات کے دوران زندہ ہو گئیں۔ تقریب میں شریک لوگ حیران جبکہ اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مہاراشٹر کے ناگپور ضلع کے رامٹیک علاقے میں ایک حیرت انگیز اور خوشی بھرا واقعہ پیش آیا۔ جب فوت شدہ 103 سالہ بزرگ خاتون میں اچانک زندگی کے آثار نمودار ہو گئے۔
103 سالہ بزرگ خاتون گنگابائی سکھارے کچھ عرصے سے بیمار تھیں اور بستر پر تھیں۔ تاہم ایک روز شام کو ان کے جسم میں حرکت نہ دیکھنے پر گھر والوں نے انہیں مردہ سمجھ لیا۔ اور اگلے روز صبح تک آخری رسومات کی تمام تیاریاں مکمل کر دی گئی تھیں۔
خاتون کو نئی ساڑھی پہنائی گئی۔ ہاتھ پاؤں باندھے گئے اور ناک میں روئی کے پھاہے رکھ دیئے گئے تھے۔ لیکن آخری رسومات کی تیاریاں جاری تھیں کہ ایک معجزہ ہوا۔
ان کے پوتے راکیش سکھارے نے دیکھا کہ ان کے پاؤں کی انگلی ہل رہی ہے۔ فوراً سب کو بتایا گیا اور جب ناک سے روئی نکالی گئی تو گنگابائی نے گہری سانس لی۔ یوں ان کے زندہ ہونے کا ثبوت ملا۔
یہ منظر دیکھ کر پورے گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ڈاکٹروں نے معائنہ کیا اور تصدیق کی کہ وہ خیریت سے ہیں۔ اتفاق سے اسی دن ان کی 103 ویں سالگرہ بھی تھی۔ جس کے موقع پر خاندان نے کیک کاٹ کر جشن منایا۔
یہ بھی پڑھیں: مردہ امیدوار نے انتخابی میدان مارلیا، خاتون بھائی کی شکست نہ سہہ سکیں
جو رشتہ دار چند گھنٹے پہلے آخری رسومات کے لیے آئے تھے وہ سب مسکراتے ہوئے واپس لوٹ گئے۔ یہ معجزاتی واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور لوگوں میں حیرت و دلچسپی پیدا کی۔ خاندان اسے ایک خوشگوار اور نایاب اتفاق قرار دے رہا ہے۔











