اسلام آباد (عرفان حیدر) ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی قیادت نے اسلام آباد کا نجی دورہ کیا، جس میں بلدیاتی انتخابات، تنظیمی معاملات اور سانحہ G-7 دھماکے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر نائب صدر اپر پنجاب اور صدر اسلام آباد (NA-47) سید ندیم منصور نے وفد کی میزبانی کی۔
دورے میں مرکزی کمیٹی کے اراکین ارشاد صفیر، سید شکیل احمد، ارشاد حسن، محمد شریف، محمد نعیم اور سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ ایسٹ سید نئیر علی نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مرکزی رہنما پاکستان و جوائنٹ انچارج بین الصوبائی زاہد ملک، صدر پنجاب متین خان، جنرل سیکرٹری پنجاب عتیق الرحمان، فنانس سیکرٹری اسلام آباد ذیشان اور رہنما پنجاب راجہ آفتاب بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ندیم منصور نے کہا کہ مرکزی قیادت کے سینئر رابطہ کمیٹی اراکین کا اسلام آباد کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے نظریے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
مرکزی کمیٹی کے سینئر رکن ارشاد صفیر کی قیادت میں ہدایات جاری کی گئیں کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواران اور تنظیم کے نئے اراکین سانحہ G-7 دھماکے سے متاثرہ خاندانوں سے فوری طور پر اظہارِ افسوس کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ 5 فروری کو کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی بھی کی جائے۔
اجلاس میں تنظیم سازی کا عمل تیز کرنے اور تمام پیش رفت سے زاہد ملک کو باقاعدہ رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی۔ زاہد ملک نے عتیق الرحمان اور ذیشان کو ہدایت کی کہ وہ صدر اسلام آباد سید ندیم منصور (NA-47) کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے تنظیم سازی کے عمل کو مؤثر بنائیں۔
اختتام پر رابطہ کمیٹی کی جانب سے شرکاء کو کراچی آنے کی دعوت بھی دی گئی۔











