بدھ,  14 جنوری 2026ء
وزیراعظم کی ورلڈ لبرٹی فنانشل وفد سے ملاقات، ڈیجیٹل ادائیگیوں پر معاہدہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل اور کراس بارڈر ادائیگیوں کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زکری وِٹکوف کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈیجیٹل پاکستان کے اپنے وژن سے آگاہ کیا، جس کا مقصد شہریوں کے لیے رابطے، رسائی، شفافیت اور سہولت میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں اور مالیاتی جدت پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت کا اہم حصہ ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی شعبے میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل فنانس کا حصہ بن رہا ہے۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف نے سرکاری ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کا مطالبہ کر دیا، وزیر خزانہ

اس موقع پر زکری وِٹکوف نے پاکستان کے ساتھ محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام، بالخصوص کراس بارڈر ادائیگیوں اور فارن ایکسچینج کے شعبے میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کو عالمی ڈیجیٹل فنانس میں ایک مضبوط امیدوار بنا رہا ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومتِ پاکستان اور ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی (ورلڈ لبرٹی فنانشل سے منسلک ادارہ) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب دیکھی۔ ایم او یو کا مقصد کراس بارڈر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نئے نظام پر تکنیکی اور پالیسی سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے سی ای او زکری وِٹکوف نے دستخط کیے۔

مزید خبریں