هفته,  24 جنوری 2026ء
’کیا آپ زندہ ہیں؟‘: اکیلے رہنے والے افراد کیلئے بنائی گئی چینی ایپ وائرل ہوگئی

بیجنگ(روشن پاکستان نیوز) چین میں ایک نئی اور قدرے سنجیدہ نام والی ایک موبائل ایپ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے جو اکیلے رہنے والے افراد کے لیے تیار کی گئی ہے۔

’آر یو ڈیڈ؟‘ نامی اس ایپ میں صارف کو ہر دو دن بعد ایک بڑے بٹن پر کلک کر کے یہ تصدیق کرنا ہوتی ہے کہ وہ خیریت سے ہے اور زندہ ہے۔

اگر مقررہ وقت میں چیک اِن نہ کیا جائے تو ایپ صارف کے نامزد کردہ ایمرجنسی نمبر پر خود بخود رابطہ کر کے اطلاع دیتی ہے کہ متعلقہ شخص مشکل میں ہو سکتا ہے۔

یہ ایپ گزشتہ سال مئی میں لانچ کی گئی تھی تاہم حالیہ ہفتوں میں اس کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر چینی شہروں میں اکیلے رہنے والے نوجوان بڑی تعداد میں اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں، جس کے باعث یہ اس وقت ملک کی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی پریمیم (ادائیگی والی) ایپ بن چکی ہے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تحقیقی اداروں کا اندازہ ہے کہ 2030 تک چین میں اکیلے رہنے والے افراد پر مشتمل گھروں کی تعداد 20 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔ یہی وہ طبقہ ہے جسے یہ ایپ خاص طور پر ہدف بنا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: سب کی سلامتی کا تحفظ کیا جانا چاہئے ، چین کا ایران پر حملے کی رپورٹس پر ردعمل

یہ ایپ خود کو ایک ‘سیفٹی کمپنیئن‘ قرار دیتی ہے، جو اکیلے دفتر جانے والے ملازمین، گھر سے دور رہنے والے طلبہ یا تنہا طرزِ زندگی اختیار کرنے والوں کے لیے بنائی گئی ہے۔

اگرچہ ایپ کی کامیابی میں اس کے منفرد اور چونکا دینے والے نام کا بھی کردار ہے، تاہم ایپ بنانے والی کمپنی کہنا ہے کہ وہ نام پر ہونے والی تنقید کو مدِنظر رکھتے ہوئے ممکنہ تبدیلی پر غور کر رہی ہے۔

یہ ایپ عالمی سطح پر Demumu کے نام سے دستیاب ہے اور امریکا، سنگاپور اور ہانگ کانگ میں ادائیگی والی یوٹیلٹی ایپس میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا اور اسپین میں ٹاپ 4 ایپس میں شامل ہو چکی ہے جس کی ایک وجہ بیرونِ ملک مقیم چینی صارفین بھی بتائے جارہے ہیں۔

مزید خبریں