اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹولیم مصنوعات کی قیمتیں گرنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
پیٹرول کی عالمی قیمت میں فی بیرل 2 ڈالر 74 سینٹ کمی ہوئی، جس کے بعد قیمت 69.27 ڈالر سے کم ہو کر 66.54 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
پیٹرول پریمیم میں بھی فی بیرل 13 سینٹ کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد پریمیم 5 ڈالر 14 سینٹ سے گھٹ کر 5 ڈالر 1 سینٹ ہو گیا۔ پیٹرول پر فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی میں 72 پیسے کمی آئی جبکہ ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 68 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی۔
ان عوامل کے باعث پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی اور نئی قیمت 145 روپے 57 پیسے سے کم ہو کر 139 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
نئے سال کی آمد پر عوام کیلئے خوشخبری، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی
دوسری جانب ڈیزل کی عالمی قیمت میں فی بیرل 2 ڈالر 33 سینٹ کمی کے بعد قیمت 76.32 ڈالر سے گھٹ کر 73.99 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی میں 80 پیسے اور ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 35 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی۔
ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 5 روپے 33 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 155 روپے 33 پیسے سے کم ہو کر 149 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔











