پیر,  12 جنوری 2026ء
بھارتی فوج اور حکومت کی عالمی ہزیمت، قطر میں سابق نیوی افسر پھر گرفتار

ممبئی(روشن پاکستان نیوز) مودی سرکار کی جانب سے مبینہ بدعنوانی چھپانے میں ناکامی کے باعث بھارتی فوج کو عالمی سطح پر شدید تنقید اور بدنامی کا سامنا ہے، جب کہ قطر میں ایک سابق بھارتی بحری افسر کی دوبارہ گرفتاری نے بھارتی سفارتی کارکردگی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

بھارتی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سابق نیوی افسر پورنیندو تیواری قطر میں حراست میں ہیں۔ اس سے قبل بھی قطر میں آٹھ سابق بھارتی بحری افسران کو جاسوسی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، جس کی تصدیق معروف بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے کی ہے۔

اکتوبر 2023 میں قطری عدالت کی جانب سے ان افسران کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے نے بھارت میں شدید تشویش پیدا کر دی تھی۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت کی بھرپور سفارتی کوششوں کے باوجود قطر نے ان افسران کو بھارت کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔

انڈین ایکسپریس نے بھی اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ اس کیس نے بھارتی فوج کو عالمی سطح پر ہزیمت سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ مودی حکومت کی سفارتی حکمتِ عملی اس بحران کو مؤثر انداز میں سنبھالنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

مزید پڑھیں: مودی! وہ دل گردہ کہاں سے لاؤ گے، جو ہمارے فیلڈ مارشل کا ہے؟ صدرآصف زرداری

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی عسکری تربیت غیر پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار ہے، جب کہ ادارے کے اندر موجود بدعنوانی نے اس کے پیشہ ورانہ دعووں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ماہرین کے مطابق داخلی کرپشن کے باعث بھارتی فوج کی ساکھ اور کارکردگی پر پہلے ہی سوالات اٹھ رہے تھے، جو حالیہ واقعات کے بعد مزید گہرے ہو گئے ہیں۔

یہ معاملہ نہ صرف بھارت اور قطر کے تعلقات کے لیے ایک کڑا امتحان بن چکا ہے بلکہ اس نے بھارتی فوج اور حکومت کی عالمی ساکھ کو بھی نمایاں طور پر متاثر کیا ہے۔

مزید خبریں