اتوار,  11 جنوری 2026ء
پی ٹی اے نے موبائل صارفین کو خبردار کردیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جعلی کالز اور یو اے این نمبروں سے صارفین کو خبردار کردیا۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ اسکیمرز آپ کی ذاتی اور مالی معلومات چرانے کے لیے پی ٹی اے، ایف آئی اے، بینکوں کی نقالی کررہے ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کوئی بھی سرکارہ ادارہ کبھی بھی کال یا میسج پر آپ سے او ٹی پی، پن، شناختی کارڈ یا بائیو میٹرکس نہیں مانگے گا۔

موبائل صارفین چوکنا رہیں اور صرف سرکاری چینلز کے ذریعے تصدیق کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی اے نے ایک بیان میں صارفین سے اپنی سمز اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کی اپیل کی اور خبردار کیا تھا کہ کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال متعلقہ ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

پی ٹی اے اتھارٹی نے زور دیا تھا کہ سم کے کسی بھی غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری رجسٹرڈ صارف پر ہوگی، اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنی سمز اور موبائل کنکشنز کا ہر وقت ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں: جدید اور سستی موبائل سروسز کی فراہمی ! باضابطہ پالیسی کا نفاذ

پی ٹی اے بیان کے مطابق رجسٹرڈ صارفین کو اپنی سمز یا ڈیوائسز کے ذریعے کی جانے والی تمام کالز، میسجز اور ڈیٹا استعمال کے لیے انفرادی طور پر جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

پی ٹی اے نے مزید صارفین سے تمام متعلقہ قوانین و ضوابط کی پابندی کرنے کی اپیل کی اور متنبہ کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں