اتوار,  11 جنوری 2026ء
پی ٹی آئی کی 8 فروری کی پہیہ جام ہڑتال بری طرح ناکام ہوگی، رانا ثنااللہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی 8 فروری کی پہیہ جام ہڑتال بری طرح ناکام ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا سہیل آفریدی کے لاہور اور کراچی جانے سے حکومت کو کوئی پریشانی نہیں، چند لوگوں سے خطاب کرنے سے تحریکیں نہیں چلتیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کے معاملے پر سیاسی رواداری کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ پنجاب میں بھی سہیل آفریدی کو ویلکم کیا گیا اور انہیں پنجاب اسمبلی آنے کی دعوت دی گئی، تاہم انہوں نے 35 افراد کے نام دیے اور اسمبلی 150 افراد کے ساتھ پہنچ گئے، جس سے ماحول خراب ہوا۔

سیاسی مشیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 8 فروری کو پہیہ جام ہڑتال بری طرح ناکام ہوگی، کیونکہ اس کی کوئی سنجیدہ تیاری موجود نہیں، 8 فروری کے بعد پی ٹی آئی کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔

مزید پڑھیں: مذاکرات چاہتے ہیں تو عمران خان سے ملاقات کروا دیں، بیرسٹر گوہر علی

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پہیہ جام کی ہڑتال اپنی جماعت کو نقصان پہنچانےکا دعویٰ ہے، فی الحال پی ٹی آئی کسی تحریک کو چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

دہشت گردی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا عمل قابلِ اعتراض ہے۔ اگرچہ پی ٹی آئی کہتی ہے کہ وہ دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتی، لیکن وہ ان افواجِ پاکستان کی بھی حمایت نہیں کرتی جو دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو کبھی کسی دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے یا کسی شہید کے گھر جاتے نہیں دیکھا۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا پی ٹی آئی اکثر آپریشنز کی مخالفت کرتی ہے، جو کسی صورت جسٹیفائی نہیں کی جا سکتی، ایک طرف دہشت گردوں کی حمایت نہ کرنے کا دعویٰ اور دوسری طرف سیکیورٹی فورسز کی حمایت سے گریز، ایک متنازع بیانیہ ہے جسے ترک کرنا چاہیے۔

رانا ثنااللہ نے واضح کیا کہ ن لیگ میں اختلافِ رائے کی گنجائش موجود ہے اور بعض رہنما مذاکرات کے حق میں نہیں، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کا ہوتا ہے۔

انھوں نے ایک بار پھر کہا حکومت کو کراچی یا پنجاب میں پی ٹی آئی کی سرگرمیوں سے کوئی خوف نہیں، تاہم اگر کسی جانب سے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

مزید خبریں