اتوار,  11 جنوری 2026ء
جدہ میں قونصل خانہ جنرل پاکستان کی نئی چانسری عمارت کا افتتاح

جدہ(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج جدہ میں قونصل خانہ جنرل پاکستان کی نئی چانسری عمارت کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب نہایت سادگی اور وقار کے ساتھ منعقد ہوئی جس میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، سعودی معززین، قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفیٰ ربانی، پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں افراد اور قونصل خانے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کے دوران نئی چانسری عمارت میں قومی پرچم لہرایا گیا، شجرکاری کی گئی، ربن کاٹا گیا، یادگاری تختی کی نقاب کشائی ہوئی اور پاکستان و سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر منصوبے کی خصوصیات پر مشتمل ایک مختصر ویڈیو رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اپنے خطاب میں نائب وزیرِاعظم نے قونصل خانہ جنرل پاکستان جدہ کی کوششوں اور سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے فراہم کیے گئے تعاون کو سراہا جس کے باعث یہ منصوبہ پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مؤثر قونصلر خدمات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ عمارت اور سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد نائب وزیرِاعظم نے منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور جلد از جلد تمام انتظامی اور قونصلر خدمات نئی چانسری عمارت میں منتقل کرنے کی منظوری دی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: غیرملکیوں سے نکاح کے نئے ضوابط، شرائط کیا ہوں گی؟

واضح رہے کہ سعودی عرب کے مغربی خطے میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں، اور نئی چانسری عمارت اور اس کی جدید سہولیات کمیونٹی کو بہتر اور مؤثر خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

مزید خبریں