جمعه,  09 جنوری 2026ء
مسلح افواج اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہیں، فیلڈ مارشل

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو فارمیشن کی آپریشنل تیاری، تربیت اور جنگی صلاحیت میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ کیا اور افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری کو سراہا۔

انہوں نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

مزید پڑھیں: ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے علامہ اقبال پارک کی سجاوٹ، دلکش مناظر شہریوں کی توجہ کا مرکز

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے سی ایم ایچ لاہور میں قائم ہائی کیئر سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر طبی عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی خدمات کی تعریف کی۔

اس کے علاوہ جوانوں کے لیے فراہم کردہ اسپورٹس اور تفریحی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور فوج پوری توجہ، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط ارادے کے ساتھ کثیرالجہتی چیلنجز کا مقابلہ کرے گی۔

مزید خبریں